ورلڈ انٹرفیتھ ویک کے موقع پر لاہور میں امن تقریب

منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز اور بین المذاہب کونسل کے زیر اہتمام ورلڈ انٹرفیتھ ویک کے موقع پر تقریب سینٹ تھامس چر چ لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے نمائندہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ مسیحی رہنماء سیموئیل نواب، پاسٹر جوزف، سکھ رہنما سردار ویر جنم سنگھ، سردار ہر دیال سنگ، ہندو رہنما پنڈت رام لال، پنڈت امر ناتھ رندھاوا، علامہ سیف خالد اور ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا بھی تقریب میں موجود تھے۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ انٹرفیتھ ویک اقوام متحدہ کے تحت پرنس آف جورڈن کی درخواست پر پوری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی روابط کو مذہبی اور سماجی سطح پر فروغ دینا ہے۔ عالمی سطح پر رونما ہونے والے حالات کے پیش نظر مختلف ثقافتوں اور تہذیبوں سے وابستہ قوموں کے درمیان باہمی تعلقات خوشگوار بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب قومی وحدت اور یگانگت پر یقین رکھتے ہیں اور وطن عزیز کی سر بلندی، ترقی اور استحکام کیلئے ہمہ وقت متحد اور قیام امن و محبت کیلئے مصروف عمل ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے بین المذاہب ہم اہنگی کے فروغ کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس جذبے کے تحت ہمیں بین المذاہب فروغ امن کو مزید آگے پھیلانا ہوگا۔

ریورنڈ پاسٹر سموئیل، پنڈت امر ناتھ رندھاوا اور سردار ویر جنم سنگھ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کیلئے قابل احترام شخصیت ہیں۔ وہ حقیقی طور پر مذاہب کے مابین رواداری کو فروغ دے رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔

آخر میں تمام شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا، تقریب کے اختتام پرامن کیلئے شمعیں روش کیں اور عہد کیا کہ ہم وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

تبصرہ